کوئٹہ: لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج جاری

132

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاج کو 3914 دن مکمل ہوگئے۔ پی ٹی ایم ژوب کے رہنما قطب خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا جبکہ اس موقع پر ہکپان کے چیئرپرسن بی بی گل بلوچ بھی کیمپ میں موجود تھی۔

وی بی ایم پی کے ماما قدیر بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل عالمی یوم خواتین وی بی ایم پی کیمپ میں لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ملکر منائیں گے۔

بی بی گل بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی یوم خواتین کو لاپتہ افراد کے لیے جدوجہد کرنے والی خواتین کے نام کرتے ہیں جو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ہر طرح کے حالات میں اپنی جہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ماما قدیر بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے قربانیوں کے باعث آج بین الاقوامی نشریاتی ادارے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو اجاگر کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کو پاکستانی خفیہ اداروں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہورہی ہے لیکن وہ اپنے حق کیلئے آواز اٹھارہے ہیں۔

ماما قدیر کا کہنا تھا کہ کل 11 بجے کے وقت عالمی یوم خواتین منایا جائے گا لہٰذا لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت دیگر تمام مکاتب فکر کے لوگ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے وی بی ایم پی کے کیمپ میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔