بلوچستان میں گیس بندش کے باوجود ہزاروں روپے کا بل سمجھ سے بالاتر ہے – جمعیت ن

288

جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی، صوبائی کنوینر مفتی شفیع الدین و دیگر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے اکثر اضلاع گیس سے محروم ہیں، گذشتہ ماہ کوئٹہ سمیت تمام علاقوں میں گیس کی مکمل بندش تھی، اس ماہ بھاری بلوں نے عوام کے ہوش اڑا دیئے۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس حکام کے ظالمانہ اقدام نے عوام کا خون نچوڑ لیا اور انہیں غریب عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں، تیز رفتار میٹروں کی وجہ سے 26 سے پچاس ہزار بل عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے سوئی سدرن گیس کمپنی نے غریب عوام کو دونوں ہاتھو ں سے لوٹنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ گیس حکام نے 27 نومبر کے دھرنے میں گیس پریشر کے حوالے سے جووعدے کیئے ان کوعملی جامہ آج تک نہیں پہنچایا۔ ایم ڈی کراچی میں بیٹھ کر ریموٹ کنٹرول سے صوبے کے مسائل چلارہے ہیں اور میٹر ٹمپرنگ کے بے بنیاد الزامات لگا کر عوام کولوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا بلوچستان کے عوام کو دیگر صوبوں کے مسترد شدہ گیس میٹروں سے نجات دلائی جائے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ وفاقی حکومت سے احتجاج کریں۔