بھارت نے پاکستان میں پائلٹ کی گرفتاری کی تصدیق کردی

402

بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی مگ 21 اڑانے اور ابھی تک نہ لوٹنے کی تصدیق کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ونگ کمانڈر ابھی نندن نے مگ21پر اڑان بھری لیکن وہ ابھی تک نہیں لوٹا۔ ابھی نندن بھارت کے ایک ریٹائرڈ ائیرمارشل کا بیٹا ہے۔

بھارتی میڈیا کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ ان کا مگ 21 طیارہ گرا ہے اور اس کا پائلٹ لاپتہ ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان آرمی کے ترجمان آصف غفو ر نے اس حوالے سے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاک فوج نے دو بھارتی پائلٹوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک زخمی حالت میں سی ایم ایچ میں زیرعلاج ہے جب کہ دوسرا حراست میں ہے۔

ایک گرفتار بھارتی پائلٹ کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنا نام ابھی نندن اور سروس نمبر 27981 بتاتا ہے۔

پاکستان میں گرفتارکیے گئے بھارتی پائلٹ سے متعلق بھارتی صحافی شیواروڈ نے بھی تصدیق کردی ہے اور بتایا ہے کہ بھارتی پائلٹ MIG 21 کا پائلٹ تھا اور ونگ کمانڈر ابھی نندن سے متعلق بھارتی حکومت جلد بیان جاری کرے گی۔