معاشرے میں اجتماعی قومی تبدیلی کیلئے پڑھے لکھے طبقے کو آگے آنا چاہیے – لشکری

163

پڑھا لکھا بلوچستان ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے – حاجی لشکری رئیسانی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ پڑھا لکھا بلوچستان ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ کتب دوستی کو فروغ دیکر صوبے سے جہالت کی تاریک راتوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ نوجوان نسل اپنی آئندہ ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ذہنی، شعوری اور فکری تربیت سے لیس ہوکر قلم کو اپنا ہتھیار بنائے۔

لشکری رئیسانی نے گزشتہ روز سراوان ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان پیس فورم کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول حاجی غیبی روڈ کے پرنسپل کو اسکول کیلئے 200 کتابوں کا تحفہ دیا ۔

اس موقع ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں اجتماعی قومی تبدیلی کیلئے پڑھے لکھے طبقے کو آگے آنا چاہیے کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑ کر بحیثیت قوم ہم ملک کو درپیش بحرانوں پریشانیوں اورخانہ جنگی سے بلوچستان کو نکال پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہماری اجتماعی خواہش ہے کہ بلوچستان کے بچے صاف ستھرے ماحول میں زندگی بسر کریں ہمارے گلی محلے کھیل کے میدان آباد ہوں اور دنیا میں ہمارے تعلیمی ادارے کیمبرج اور آکسفورڈ کی طرز پر جانے جا ئیں۔ اپنے اس اجتماعی خواب کی تعبیر کیلئے طلباء و طالبات تعلیم حاصل کرنے کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ طلباء و طالبات اپنے ایک ایک منٹ کو قیمتی جان کر اس سے فائدہ اٹھائیں۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ ترقی یافتہ ممالک کی قیادت آپ میں سے کوئی کررہا ہوگا، قلم کو اپنا ہتھیار بنا کر ہی ہم اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حقیقی ترقی و خوشحالی اور تعلیم کے فروغ کیلئے بلوچستان پیس فورم اپنی جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی ۔