نوجوان کتاب بینی کی طرف آئیں۔ لشکری رئیسانی

206

بلوچ سیاسی رہنما حاجی لشکری رئیسانی نے لاعلمی اور جہالت کو بحرانوں اور مسائل کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے وقار، قومی عظمت کو بلند، بحرانوں اور جہالت سے نکلنے کیلئے اپنے آج اور آئندہ کل کو کتاب کے ساتھ جوڑنا ہوگا۔ جن قوموں نے اپنی ترقی و خوشحالی کیلئے علم حاصل کی وہ قومیں آج دنیا پر حکومت کررہی ہیں اور جن قوموں نے کتاب کو ذریعہ معاش کے ساتھ جوڑا وہ محکومی میں زندگی گزارہی ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان پیس فورم کے زیراہتمام نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس کی لائبریری کیلئے کتب دینے اور افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس داود ترین ، سابق پاکستانی وزیر ہمایوں عزیز کرد ، بلوچستان پیس فورم کے وائس چیئرمیں ظفر صدیق سمیت بلوچستان پیس فورم کے رضاء کاروں کی بڑی تعداد موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ لاعلمی اور جہالت درپیش بحرانوں اور مسائل کی وجہ ہیں ہمیں اپنے وقار اور قومی عظمت کو بلند ، بحرانوں اور جہالت سے نکلنے کیلئے کتاب کے ساتھ اپنے آج اور آئندہ کل کو جوڑنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم اپنے مسائل کا حل علم کے ذریعے تلاش کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت کتاب اور لائبریری کو دے کر مطالعہ کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آج وسائل کا شور تو مچایا جارہا ہے مگر ہماری آنکھوں کے سامنے ساحل اور وسائل لوٹے جارہے ہیں کیوں کہ ہم خود غیر منظم طریقے سے اپنے کل کو آج پر قربان کررہے ہیں اور غیر منظم طریقے سے زندگی گزارہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا آج ، گزرے ہوئے کل کی طرح اور آنے والے دن بحرانوں اندھیروں کا شکار ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ وسائل سے مالا مال سرزمین کے وسائل ناخواندہ قوموں کیلئے مسائل کا سبب بنتے ہیں جن قوموں نے اپنی ترقی و خوشحالی کیلئے علم حاصل کی وہ قومیں آج دنیا پر حکومت کررہے ہیں اور جن قوموں نے کتاب کو ذریعہ معاش کے ساتھ جوڑا وہ محکومی میں زندگی گزارہے ہیں۔