صوابی: فائرنگ سے پشتونخوا ملی پارٹی کے ضلعی صدر جاں بحق

152

خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر فاروق خان نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔

زیدہ پولیس تھانے کی رپورٹ کے مطابق صوابی کے علاقے زیدہ میں نامعلوم افراد نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر فاروق خان کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کا نشانہ بنایا، انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی کیونکہ ان کے اہل خانہ کو مشاورت کے لیے وقت درکار ہے۔

زیدہ پولیس کے ایس ایچ او خالد اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ فاروق خان کا قتل ٹارگٹ کلنگ کے بجائے خاندانی دشمنی معلوم ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ ان کے اہلِ خانہ فیصلہ کرلیں پھر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس انتخابات سے قبل خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر حملے ہوچکے ہیں ، ان حملوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماؤں سمیت متعدد سیاسی کارکن بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

22 جولائی کو خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) میں خود کش حملے کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی امیدوار اکرام اللہ خان گنڈاپور اور ان کے ڈرائیور جاں بحق جبکہ ان کے محافظ زخمی ہوگئے تھے۔