بلوچستان : قابلیت جانچنے کے امتحان میں اکثر اساتذہ فیل

171

بلوچستان میں قابلیت جانچنے کے امتحان میں اکثر اساتذہ فیل ہوگئے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابقبلوچستان میں اقوام متحدہ انٹرنیشنل چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے تحت صوبے کے 12 اضلاع میں قابلیت جانچنے کے لیے امتحان منعقد کیا گیا۔

یونیسیف کے نمائندوں نے گریڈ 1 سے گریڈ 8 تک کے اساتذہ کا انٹرویو بھی کیا، سرکاری سکولوں کے اساتذہ ریاضی کے مضمون میں 100میں سے مجموعی طور پر صرف 23 فیصد نمبر حاصل کرسکے، امتحانی نتائج کے مطابق سائنس کے مضمون میں اساتذہ صرف 25فیصد ہی مارکس حاصل کرسکے۔

عالمی ادارے نے مجموعی طور پر 1 ہزار 152 اساتذہ سے اردو، انگلش، ریاضی اور سائنس کے مضامین میں ٹیسٹ لیئے جس میں سے 500 اساتذہ گریڈ 5 اور 652 اساتذہ گریڈ 8 میں پڑھاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اساتذہ کی قابلیت کا گراف مجموعی طور پر چاروں مضامین میں انتہائی کم رہا۔

بلوچستان کے سیکریٹری ایجوکیشن نورالحق بلوچ نے بتایا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ اساتذہ کی قابلیت کم ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی کمزور تعلیمی اور صلاحیت کے پیش نظر حکومت بلوچستان کے شعبہ تعلیم نے 3 سالہ منصوبہ شروع کیا جس میں اساتذہ کو سیکھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔

نورالحق بلوچ نے کہا کہ حکومت نے60 کروڑ روپے مختص کیئے جو صوبے بھر کے 35 ہزار اساتذہ کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لیئے خرچ کیئے جائیں گے۔

رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اساتذہ نے اردو میں 60 فیصد اور انگریزی میں 50 فیصد نمبر حاصل کیئے۔ اس بارے میں بھی انکشاف کیا گیا کہ پیشہ وارانہ تعلیم کے معاملے میں بھی متعدد اساتذہ تعلیمی تربیت سے ناواقف ہیں۔ سرکاری اساتذہ کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ دوسری جانب ایجوکیشن سیکریٹری نورالحق بلوچ کے مطابق صوبائی ادارہ برائے اساتذہ تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔