دالبندین : خودکش حملے کے بعد چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت

210

چینی انجینئرز پر خودکش حملے کے بعد سیندک پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھادی گئی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گیارہ اگست کے دن دالبندین کے قریب ہونے والے خودکش حملے کے بعد چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیندک پراجیکٹ کے گرد و نواح میں ایف سی پولیس اور لیویز فورس کی گشت، چیکنگ اور نگرانی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔جبکہ وہاں جانے اور آنے والے افراد کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے.
ذرائع کے مطابق اہم تنصیبات اور سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ دالبندین شہر اور گرد و نواح میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

واضح رہےدالبندین کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں تین چینی انجنیئر، 1 ایف سی اہلکار کی ہلاکت ہوئی تھی۔
اس خود کش حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ  اگر چائنا استحصالی عمل سے پیچھے نہیں ہٹا تو ہمارے حملوں سے نہیں بچ سکیں گے کیونکہ جس حد تک ممکن ہوا ہم ان پر اپنے حملے جاری رکھیں گے اور اپنے حملوں کی نوعیت میں ہم ہر ممکن تبدیلی لائیں گے۔