حکومت کیجانب سے اسکالرشپ کی عدم ادائیگی، بلوچ طلبا پنجاب کے کالجوں سے بیدخل

156

بلوچستان سے اسکالر شپ اسکیم کے تحت زیر تعلیم طلباء فیس ادا نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب کے کالجوں سے بیدخل

دی بلوچستان پوسٹ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان سے چمالنگ اسکالر اسکیم کے تحت ڈویژنل پبلک اسکول و کالج ملتان میں زیر تعلیم ایف ایس سی کے طلباء کو فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے تعلیمی اداروں سے بے دخل کردیا گیا ہے۔

طلباء کی بیدخلی حکومت پنجاب اور حکومت بلوچستان کی جانب سے فیسوں کی عدم ادائیگی بتائی جارہی ہے۔

بیدخل ہونے والے طلباء کے والدین کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران اسکالرشپ کے تحت اسکول کو فیس ادا نہیں کی گئی ہے۔

ڈاکٹر مالک حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت اور اسکول انتظامیہ کو خط لکھا گیا تھا کہ بلوچستان میں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تعلیمی اداروں کو بہتر سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے لہذا اسکالرشپ کے مد میں پنجاب حکومت کی جانب سے ادا کی جانے والی فیس کو بلوچستان حکومت کو دی جائے اور طلباء کو بیدخل کیا جائے۔

طلباء کو بیدخل کرنے سے والدین اور طلباء میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے اور والدین نے عندیہ دیا ہے کہ فیس جلد سے جلد ادا نہ ہونے کی صورت میں بچوں کے ہمراہ شدید احتجاج کیا جائے گا۔