مرحوم خیر بخش مری کو انکی گراں قدر قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، بی آر ایس او

145

بلوچ ریپبلکن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے مرحوم خیربخش مری کی چوتھی برسی کے مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیر بخش مری فخرِ بلوچ ہے اور انکا کردار محکوم و مظلوم اقوام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیربخش مری نے اپنی پوری زندگی بلوچ قومی آزادی و بلوچ قومی شناخت کے تحفظ میں صرف کردی اور تکالیف و مشکلات کی پرواہ کئے بغیر بلوچ قوم کی خدمت کرتے رہے، بلوچ قوم کی آنے والی نسلیں مرحوم خیر بخش مری کی خدمات و قربانیوں پر فخر کریں گے۔

قابض پاکستانی ریاست نے مرحوم خیر بخش مری پر ہر طرف سے دباؤ ڈالا تاکہ وہ آزادی کی جدوجہد سے دستردار ہوجائے لیکن انہوں نے ریاستی سازشوں اور ہتکنڈوں کا مقابلہ کیا اور اپنی آخری سانس تک بلوچ قومی آزادی کے موقف پر قائم رہے۔

بی آر ایس او کے ترجمان نے مزید کہا کہ بابا مری کو جسمانی طورپر ہم سے بچھڑے چار سال ہوگئے ہیں لیکن بلوچ قومی تحریک سے وابستہ فرزندانِ بلوچ گلزمین ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چل کر ان کی فکر و نظریات پر عمل پیراں رہتے ہوئے آزادی کی جانب گامزن ہیں۔

بی آر ایس او مرحوم خیر بخش مری کو انکی گراں قدر قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور یہ عزم کرتی ہے کہ مرحوم کے فکر و نظریات پر عمل پیرا رہتے ہوئے بلوچ قومی آزادی کو ممکن بنایا جائے گا۔