میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے فٹبالر ہلاک

251

ایک جنوبی افریقن فٹبالر جن پر میچ کے دوران آسمانی بجلی گری تھی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

فٹبالر کے کلب مارٹزبرگ یونائیٹڈ نے سٹرائیکر لیویاندا نٹشنگزی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

21 سالہ لیویاندا نٹشنگزی اس سال یکم مارچ کو دوستانہ میچ کے دوران بجلی گرنے سے زخمی ہونے کے بعد کومہ میں تھے۔

فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں فٹبال کلب نے انھیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ابھرتے ہوئے ستارے تھے اور ان کی ٹیم غم کی حالت میں ہے۔

مارٹز برگ یونائیٹڈ اس وقت جنوبی افریقہ کی پریمیئر لیگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔

مارٹزبرگ کے چیئرمین فاروق کدودیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم لیواندا کے جانے سے انتہائی غم زدہ ہیں، جو بھرپور صلاحیتوں کے مالک ایک پرجوش کھلاڑی تھے۔‘

’مارٹز برگ یونائیٹڈ فٹبال کلب کی جانب سے میں نٹشنگزی خاندان کے لیے دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔‘

نٹشنگیز نے مارٹز برگ یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے دو سیزن قبل کیئزر چیفس کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔

لیویاندا نٹشنگزی اور دیگر دو کھلاڑی کوازولونٹل کے خلاف میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے زخمی ہوئے تھے۔

جنوبی افریقہ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق دیگر دونوں کھلاڑی معمولی زخمی ہوئے جبکہ نٹشنگزی کو چھاتی پر شدید زخم آئے تھے۔

ان کی موت حالیہ برسوں میں مارٹزبرگ یونائیٹڈ کے ساتھ پیش آنے والا تیسرا افسوس ناک واقعہ ہے۔

اس سے قبل اسی کلب کے مڈفیلڈر 27 سالہ موندلی سیلے سنہ 2016 میں اور 20 سالہ ملوندی دلمنی سنہ 2017 میں کار حادثوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔

(بشکریہ بی بی سی اردو)