حوثیوں کی جانب سے جازان پر داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ

173

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق اتحاد کے فضائی دفاع نظام نے پیر کی صبح 4:39 پر مملکت کی اراضی میں جازان صوبے کی سمت داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو ناکام بنا دیا۔ یہ میزائل یمن میں صعدہ صوبے میں موجود ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا تھا۔

المالکی نے واضح کیا کہ میزائل کو دانستہ طور پر شہری علاقوں اور آبادی کو نشانہ بنانے کے واسطے داغا گیا تاہم سعودی فضائی دفاعی فورسز نے اسے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے رہائشی علاقوں میں گرے تاہم کسی قسم کا نقصان واقع نہیں ہوا۔

اس سے قبل سعودی فضائی دفاعی نظام نے ہفتے کے روز حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط پر داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا تھا۔ ترجمان کرنل المالکی کے مطابق مذکورہ میزائل حملے کو ہفتے کی شام 6:14 پر ناکام بنایا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی شاہی فضائی دفاعی فورسز نے ایک اور میزائل کا پتہ چلا لیا تھا جو ایک غیر آبادی صحرائی علاقے میں گرا اور کسی قسم کا نقصان واقع نہیں ہوا۔