مچھ ،آب گم اور سانگان کو ملانے کیلئے سڑک کی تعمیر کا منصوبہ منظور

150

 ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے، پلاننگ کمیشن نے ویژن 2025ء کے تحت افرادی قوت، گورننس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشنز سمیت مختلف شعبوں کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے یہ بات منگل کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ فار بوائز بلتستان ریجن کے قیام کیلئے 60 کروڑ 19 لاکھ 96ہزار روپے،کراچی میونسپل کارپوریشن کے موجودہ فائر فائیٹنگ نظام کی بحالی کیلئے ایک ارب 74 کروڑ 30 لاکھ روپے،اسلام آباد میں ماڈل پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے 2 ارب 48 کروڑ 24 لاکھ 15 ہزار روپے،گوادر میں ماحولیاتی صفائی کے نظام اور کچرے کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے رفع کرنے کیلئے 2 ارب 26 کروڑ 86 لاکھ 6 ہزار روپے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔

اجلاس نے بلوچستان کے علاقے آب گم کو سنگان سے ملانے کیلئے 2 ارب 19کروڑ 58لاکھ 5ہزار روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے 42 کلو میٹر طویل سڑک کے منصوبے کی بھی منظوری دی ۔اجلاس میں کراچی میں وفاقی لاج 1 کی توسیع کیلئے 27 کروڑ 71 لاکھ 44 ہزارروپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے منظور کرلیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت ملک میں افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے ویژن 2025ء کے تحت افرادی قوت، گورننس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشنز سمیت مختلف شعبوں کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں بہتری کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جارہا ہے۔