یمن، لبنان اور شام میں افراتفری پھیلانے میں ایران ملوث ہے:امریکہ

158

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کی شرائط پرعمل درآمد کرے گا مگر خطے کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی ایرانی سازشوں پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔

 بیلجیم کے دارالحکومت برسلز کے دورے کے دوران یورپی ملکوں کے وزراء خارجہ سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ ایران یمن، شام اور لبنان میں افراتفری پھیلانے میں ملوث ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے برسلز میں یورپی وزراء خارجہ سے شمالی کوریا کی طرف سے عالمی امن کو لاحق خطرات، ایران اور داعش کے موضوعات پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ریکس ٹیلسن نے یورپی یونین کی خارجہ سیاست کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی سے ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کی پاسداری کریں گے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک ایران سے معاہدے کی پابندی کرے گا مگر تہران کی خطے کے امن کو تباہ کرنے کی سازشوں پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔

ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ ایران کی عرب ممالک میں سرگرمیوں کا ایک بڑا ثبوت تہران کا میزائل پروگرام ہے۔ ایرانی میزائل یمن میں حوثی باغیوں کو دیے گئے ہیں جنہیں سعودی عرب کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔