گوادر: پانی اور بجلی کی بندش کیخلاف اہلِ علاقہ سراپا احتجاج

282

گوادر کے علاقے پسنی میں پانی کی قلت اور بجلی بندش کیخلاف اہلِ علاقہ سراپا احتجاج

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پسنی چُربندن کے مکینوں کی جانب سے پانی کی قلت اور بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین نے احتجاجاً مکران کوسٹل ہائی بند کردیا ہے، جس کے باعث کراچی سے گوادر اور ضلع کیچ جانے والی گاڑیاں پھنس گئیں ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل بھی پسنی کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت اوربجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت بلوچستان کا ضلع گوادر اور گردو نواح کے علاقے شدید آبی قلت کا شکار ہیں، جہاں پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔ جس کی وجہ سے اہلِ علاقہ آئے روز احتجاج پر مجبور ہورہے ہیں۔ بہت سے علاقوں میں لوگ انتہائی مہنگے داموں ٹینکروں سے گندلا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلع گوادر اور گردو نواح میں پینے کے پانی کے چوری کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں شہری پینے کے دستیاب پانی کو گھروں کے اندر تالا لگانے پر مجبور ہیں۔