اوتھل: ہنگلاج میں ہندوﺅں کے تین روزہ میلے کا اختتام، لاکھوں افراد کی شرکت

68

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں واقع ہنگلاج ماتا مندر میں ہندو برادری کا تین روزہ سالانہ میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ بلوچستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں ہندو یاتریوں اور عقیدت مندوں نے اس مذہبی اجتماع میں شرکت کی۔

جہاں انہوں نے ماتا کی زیارت کی اور پوجا پاٹ میں حصہ لیا۔ 

شری ہنگلاج ماتا ویلفیئر منڈلی نے پیدل سفر کرنے والے یاتریوں کے لیے راستے میں کھانے پینے اور پانی کا اہتمام کیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے، اور چار روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز نے یاتریوں کا علاج کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔  

میلے میں شری ہنگلاج کے رضا کاروں کی جانب سے 24 گھنٹے “بھنڈارا” کا انتظام جاری رہا، جس میں کھانا، پانی اور شربت مفت فراہم کیا گیا۔ شری ہنگلاج ماتا ویلفیئر منڈلی کے ترجمان پرکاش کمار لاسی نے صحافیوں کو نانی مندر اور دیگر مقدس مقامات کا دورہ کروایا اور میلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ 

انہوں نے کہاکہ یہ میلہ نہ صرف ہندو برادری کے لیے روحانی اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہاں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی ایک شاندار مثال بھی ہے۔ جبکہ مقامی مسلم قبائل یاتریوں کی مہمان نوازی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور اس میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔