اٹلی، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کی فنڈنگ روک دی

97

اٹلی اور آسٹریلیا نے اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارہ برائے فسلطینی پناہ گزین ( یو این آر ڈبلیو اے) پر اسرائیل کے الزامات کے بعد ادارے کی فنڈنگ معطل کر دی ہے۔

اسرائیل نے جمعے کو الزام عائد کیا تھا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے کئی ملازمین اسرائیل پر گزشتہ برس سات اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملے میں ملوث تھے۔

اسرائیل کے الزامات کے بعد اقوامِ متحدہ کے ادارے نے جمعے کو ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے اسرائیل پر حملے میں ملوث ملازمین کو برطرف کر دیا تھا۔

اسرائیل کے الزامات کے بعد ہفتے کو اٹلی کے وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل پر اندوہ ناک حملے کو دیکھتے ہوئے اطالوی حکومت نے اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین کے فنڈز معطل کر دیے ہیں۔

البتہ اطالوی وزیرِ خارجہ نے اپنے بیان میں اسرائیلی الزامات کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ اٹلی سے پہلے دیگر کئی اتحادی یہ اقدام اٹھا چکے ہیں۔

اس سے قبل کینیڈا کے وزیرِ برائے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ احمد حسین نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ جب تک اسرائیلی الزامات کی تحقیقات نہیں ہو جاتیں اس وقت تک عالمی ادارے کی فنڈنگ عارضی طور پر روک دی جائے گی۔

آسٹریلوی وزیرِ خارجہ پینی ووگ نے اقوامِ متحدہ کے ادارے پر اسرائیلی الزامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ اس معاملے پر بات کر رہے ہیں اور یو این آر ڈبلیو اے کو فراہم کردہ فنڈنگ کو عارضی طور پر روک دیں گے۔

پینی ووگ نے اقوامِ متحدہ کے ادارے کی جانب سے اسرائیلی الزامات کے فوری بعد آنے والے جواب کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ملازمین کو برطرف کر کے معاملے کی تحقیقات کا اعلان خوش آئند ہے۔

ادھر اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے بعد وہ وہاں کام کرنے والی عالمی تنظیم کو روک دے گا۔

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ امریکہ، یورپی یونین اور ادارے کو امداد فراہم کرنے والے دیگر عطیہ دہندگان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق حماس نے عالمی ادارے کی فنڈنگ معطل کیے جانے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی ادارے اسرائیل کی دھمکیوں اور بلیک میلنگ کا شکار نہ ہوں۔

فلسطینی تنظیم آزادی (پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل حسین الشیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ جن ملکوں نے اقوامِ متحدہ کے ادارے کی فنڈنگ معطل کرنے کا فیصلہ کیا وہ فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لیں اور ادارے کی حمایت کریں۔