پاکستان کے عام انتخابات، بلوچستان کے 40 فیصد سے زائد پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار

185

پاکستان عام انتخابات کے انعقاد میں تقریبا 60 دنوں کا وقت رہ گیا ہے اور الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔

پاکستانی وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے مزید 17 ارب روپے کے فنڈز بھی جاری کر دیے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان بھر کے 17 ہزار 411 (19فیصد) پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 32 ہزار 508 (35فیصد)کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اسی وجہ سے الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی عمل کو پرامن رکھنے کے لیے وزارت داخلہ سے مزید 2 لاکھ سے زائد سیکیورٹی اہلکار طلب کر لیے ہیں۔

سب سے زیادہ بلوچستان کے 40 فیصد سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے روز ماحول خوشگوار رکھنے کے لیے ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کو 3 حصوں میں تقسیم کیا ہے۔

کل 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز میں سے 41 ہزار 890 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا ہے، جس میں سیکیورٹی کو بھی برابر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ 32 ہزار 508 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ان پولنگ اسٹیشن میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے ایف سی اور رینجرز تعینات کیے جائیں گے جبکہ 17 ہزار 411 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 51 ہزار 821 پولنگ اسٹیشنز ہیں جس میں سے 29 ہزار نارمل 15 ہزار 829 جبکہ 6 ہزار 599 (12.7 فیصد) پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سندھ میں پولنگ اسٹیشنز کی مجبوری تعداد 19 ہزار 236 ہے جن میں سے 6 ہزار سے زائد کو نارمل 8 ہزار کو حساس جبکہ 4 ہزاد 430 (23 فیصد)کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔

بلوچستان میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 15 ہے جس میں سے صرف 909 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے 2 ہزار کو حساس جبکہ 2 ہزار 38 (40 فیصد)کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 15 ہزار 377 ہے جن میں سے 4 ہزار کو نارمل، 6500 کو حساس جبکہ 4 ہزار 344 (27.6 فیصد) پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں کے آئی جیز کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے دستیاب نفری 3 لاکھ 28 ہزار510 ہے جب کہ مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے لیے مزید 2 لاکھ 77 ہزار 558 سکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔ملک بھر میں 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں تقریبا تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر افواج پاکستان کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس دفعہ ذرائع کا دعوی ہے کہ نارمل پولنگ اور حساس پولنگ اسٹیشنز میں ایف سی اور رینجرز اہلکار فرائض سر انجام دیں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔ آئین کے آرٹیکل 245کے تحت الیکشن میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے آرمی کی تعیناتی کی جاتی ہے۔