بی این ایم کے شعبہ امور خارجہ کا اجلاس ، فہیم بلوچ کوآرڈینیٹر مقرر

144

بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے شعبہ امور خارجہ کے اجلاس میں ادارےکو مستحکم شکل دینے کے لیے باقاعدہ ذمہ داران کا تقرر کیا گیا۔ اجلاس کے فیصلے کے تحت فہیم بلوچ کو شعبہ امور خارجہ کا کوارڈینیٹر ،نیاز بلوچ کو ڈپٹی کوارڈینیٹر اور حکیم واڈیلہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔

بی این ایم کے خارجہ سیکریٹری ھمل حیدر کی زیرصدارت ہونے والے مذکورہ اجلاس میں گذشتہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خارجہ سیکریٹری نے کہا بی این ایم کا شعبہ امور خارجہ پیشہ ورانہ اور رسمی بنیادوں پر کام کرنا چاہتا ہے جس کے لیے باقاعدہ ذمہ داران کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔

شعبہ امور خارجہ پارٹی کے مختلف چیپٹرز سے ممبران کی مطابقت اور مہارت کی بنیاد پر پالیسی سازی میں مدد کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی قائم کرے گا۔ یہ شعبہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے آئندہ 55ویں اجلاس کے دوران ایک تقریب کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ ، شعبہ امور خارجہ بلوچستان میں پاکستان کے جنگی جرائم کو اجاگر کرنے کے لیے پارٹی کے انسانی حقوق کے شعبے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ تنظیم نو اپنے مقاصد کے حصول اور تنظیم کے اندر استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بی این ایم کی مجموعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔