کیچ کلچرل سنٹر و میوزیم کا چار روزہ 3D ورکشاپ اختتام پذیر

188

کیچ کلچر سنٹر و میوزیم کے زیراہتمام چار روزہ 3 ڈی آرٹس ورکشاپ اختتام پذیر، ایک لاکھ اسی ہزار روپے کے پینٹنگ کی سیل، آخری روز میں مختلف فن کاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر کمشنر مکُران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کیچ سمیت سیاسی و سماجی، علمی اور ادبی شخصیات نے دورہ کیا اور آٹسٹس کی حوصلہ افزائی کی۔

کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت کلچر کمپلیکس میں چار روزہ 3 ڈی آرٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تربیتی کورس اتوار کو اختتام پذیر ہوا جس میں کمشنر مکران سعید احمد عمرانی، ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ، انجمن تاجران تُربَت کے صدر و دیگر تاجران کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات اور طلبہ و طالبات نے نمائش کا معائنہ کیا۔ کمشنر مکُران نے اس دوران فنکاروں کو ان کے گران قدر کاموں کے لیے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔

ادارہ کلچر کی جانب سے کلچر کمپلیکس میں 3 روزہ 3 ڈی آرٹس کی تربیتی کورس اور ایگزی بیشن کا آغاز 23 ستمبر کو کیا گیا، نمائش میں مقامی فن کاروں کی بڑی تعداد نے حصہ لے کر اپنے پینٹنگ کی نمائش کی جسے لوگوں کی بڑی تعداد نے وزٹ کیا اور اپنی پسندیدگی ظاہر کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچر ایاز ہاشم بزنجو نے تین روزہ نمائش پر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ اس کا مقصد مقامی فن کاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی کارکردگی کے اظہار کا ایک موقع دینا تھا، اس میں کسی نے مدد و تعاون نہیں کی تھی بلکہ کلچر سنٹر نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ سب کیا جس کا انتہائی مثبت نتیجہ ملا۔ انہوں بتایا کہ ایک لاکھ اسی ہزار روپے سے زائد کے پینٹنگ فروخت ہوئے۔