بلیدہ: لیویز ناکے پر حملہ، اسلحہ ضبط، کیمپ نذرآتش

602

بلوچستان کے ضلع کیچ میں لیویز فورس کے ایک ناکے کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے، کیمپ نذرآتش،  حملہ آور فورسز کا اسلحہ ہمراہ لے گئے۔

واقعہ گذشتہ شب بلیدہ میں پیش آیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ناکے پر حملہ کرکے اہلکاروں کو حراست میں لیا، ان کا اسلحہ اپنے قبضے میں لینے کے بعد ناکے کو نذرآتش کردیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا اور انہیں بعدازاں رہا کردیا۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ناکے پر مبینہ طور پر سرحد کے کاروبار سے منسلک گاڑیوں سے غیرقانونی طور پر پیسے لیئے جاتے تھے۔ علاقائی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ پیسے ضلعی حکام کے آفیسران کو دیئے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ و دیگر سرحدی علاقوں پر پاکستان فوج و دیگر فورسز پر سرحد کاروبار سے منسلک گاڑیوں سے بھتہ لینے کے الزامات لگتے رہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر حکومتی حمایت یافتہ جھتوں کے بھی ناکے موجود ہوتے ہیں۔

سرحد پر تیل و دیگر کاروبار کرنے والی گاڑیوں کیلئے ٹوکن طریقہ متعارف کیا گیا ہے جن میں ایک ٹوکن کی قیمت 6 لاکھ تک بھی ہوتی ہے جبکہ پاکستان فوج کے آفیسران اور بااثر شخصیات ان ٹوکنوں کے فروخت سے مالی فوائد حاصل کرنے میں دیکھے گئے ہیں۔

پاکستان فوج پر اس سے قبل ہرنائی و گردنواح میں کوئلہ کاروبار سے منسلک افراد سے بھی پیسے لینے الزامات لگتے رہے ہیں علاوہ ازیں کوئلہ لیز و گاڑیوں کی حفاظت کی مد میں بھی فوج فی ٹن کے حساب سے پیسے لیتی ہے۔