بلوچستان سیاسی کارکنوں کیلئے جہنم بنا دیا گیا ہے۔ حق دو تحریک

248

حق دو تحریک بلوچستان کا ماحل بلوچ، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور لاپتہ افراد کی رہائی کیلئے عید کے دن بلوچستان بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان، عید کے دن بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائے گی۔حقوق مانگنے کی پاداشت میں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ پابند سلاسل ہیں۔

حق دو تحریک کے ترجمان حفیظ کیازئی کا گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک شروع دن سے ہی آئین پاکستان کی روشنی میں عوام کے حقوق کی بات کررہی ہے، ہماری جدوجہد آئینی اور جمہوری ہے ، جمہوری مزاحمت ہمارا بنیادی طریقہ کار ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام حقوق مانگنے کی پاداشت میں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ گزشتہ تین ماہ سے پابند سلاسل ہیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں، پاکستان کے صحافی حضرات، وکلاءبرادری سمیت تمام سیاسی پارٹیوں اور پاکستانی قوم کو آگاہ کرنے چاہتے ہیں کہ بلوچستان کو سیاسی کارکنوں کیلئے جہنم بنایا جارہا ہے، بلوچستان کیلئے آوازبلند کیا جائے، بلوچستان کے حالات کشمیر اور فلسطین سے بھی زیادہ سنگین ہیں، بلوچستان کو نظرانداز کرنے سے ملک کی حالات مزید ابتر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا قصور یہ کہ وہ بلوچستان کے عوام کی حقوق کی بات کرتے ہیں، ملک میں دو قانون نافذ ہیں ایک قانون سردار عبدالرحمٰن کھیتران کیلئے جو ایک غریب اور بے بس خاندان کو برسوں تک اپنے نجی جیل خانے میں قید کرکے پھر انکے کمسن بچوں کو بےدردی سے قتل کرکے کنووؤں میں پھینک دیتا ہے اور پھر آرام اور آسائش کے ساتھ چند ایک ہفتے وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ کسی جیل میں گزار کر انکی ضمانت ہوجاتی ہے اور دوسرا قانون مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کیلئے جو اپنے عوام کے حقوق کیلئے میدان میں نکل کر بہادری کے ساتھ اپنے عوام کی حقوق کی بات کرتا ہے اور ان پر جھوٹا مقدمہ دائر کرکے انہیں پابند سلاسل کیا جاتا ہے اور گزشتہ تین ماہ سے مقید ہیں اور انکی ضمانتیں منسوخ کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سمیت تحریک کے قائدین اور کارکنوں کے خلاف مجموعی طور پر 920 مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ کے خاندان سے اظہار یکجہتی، ماحل بلوچ اور مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کئے رہائی کیلئے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا جارہاہے، عوام بھر پور شرکت کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حق دو تحریک کا بحیثیت سیاسی پارٹی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تمام دستاویزات جمع کئیے جاچکے ہیں۔

گوادر میں مردم شماری میں گزشتہ سال کی نسبت آبادی کم ہونے کے سوال کے جواب میں کہاکہ ایک ادارے کی جانب سے مردم شماری کرنیوالے ٹیچرز کو ہدایات جاری ہوئے تھے کہ مردم شماری کے دوران حق دو تحریک کے کونسلروں کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون نہ کیا جائے جس کے سبب گوادر کی آبادی کم انداراج ہوئی۔

پریس کانفرنس میں حق دو تحریک کے آرگنائیزر کونسلر اکرم فدا،آربی رحیم بخش،سمیت دیگر موجود تھے۔