چاغی: سرحد پر رکاوٹوں کے خلاف احتجاج

210

پاکستانی فورسز کی جانب سے مسئلے کے حل تک پاکستان ایران سرحد کسی کو پار نہیں کرنے دیں گے-چاغی میں علاقہ مکینوں کا دھرنا

ایف سی کی جانب سے نئے انٹری لسٹ شائع نہ کرنے پر علاقہ مکینوں نے پاکستان ایران سرحدی پوائنٹ راجئے پر احتجاجاً ہڑتال کرکے انٹری پوائنٹ بند کردیا۔

علاقہ مکینوں، معتبرین اور قبائلی شخصیات کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال سے ان کے لیے انٹری کا مسئلہ تھا جسے گذشتہ دنوں ڈی سی چاغی حسین جان بلوچ نے آرڈر جاری کرکے حل کردیا اب ایف سی کی جانب سے لسٹ شائع نہ کرنا ظلم کے مترادف ہے لوگ اپنی گاڑیاں لے کر سرحد پر موجود ہیں-

مظاہرین کا کہنا تھا اس سے قبل کئی مرتبہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان اور ان کی ٹیم کی نگرانی میں انسپکشن اور فزیکل ویری فکیشن ہونے کے باوجود ایف سی کی جانب سے اس پر رکاوٹ بننا علاقے کے عوام کے ساتھ زیادتی اور ظلم کے مترادف ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا جب تک راجئے میں ایف سی کی جانب سے ہمارا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا اور نئی انٹری لسٹ شائع نہیں کی جاتی تب تک ہم انٹری پوائنٹ سے کسی کو بھی جانے نہیں دینگے ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرکے پرامن احتجاج پر بیٹھے رہیں گے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوام نے اسے منتخب کیا ہے اور وہ اپنے عوام کی ہر مشکل وقت میں ساتھ دیں گے۔