رشیدہ زہری و شوہر کی عدم بازیابی کی صورت میں شدید احتجاج کیا جائے گا – وی بی ایم پی

198

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ سے جبری لاپتہ بلوچ خاتون رشیدہ زہری اور انکے شوہر محمد رحیم کو جلد از جلد منظرعام لاکر بازیاب کیا جائے-

تنظیم نے کہا ہے کہ بلوچ خاتون رشیدہ اور محمد رحیم زہری کی جبری گمشدگی کے حوالے آج قانونی تقاضے پورے کئے جائینگے اگر پھر بھی رشیدہ اور انکی شوہر محمد رحیم کو منظر عام پر نہیں لایا گیا تو تنظیمی سطح پر بھر پور احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا-

یاد رہے رواں ماہ 3 فروری کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ گشکوری ٹاؤن کے ناشناس کالونی سے پاکستانی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران خواتین و بچوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے مذکورہ افراد میں محمد رحیم زہری ولد چاکر خان زہری، اسکی ایک سالہ بیٹی دعا زہری، چار سالہ بیٹا یحیٰ زہری، بیوی رشیدہ زہری اور والدہ بس خاتون شامل تھے-

گذشتہ روز ٹی بی پی کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق حراست بعد لاپتہ ہونے محمد رحیم زہری کی والدہ بس خاتون، دو کمسن بچے دعازہری اور یحیٰ زہری بازیاب ہوگئے ہیں، تاہم محمد رحیم زہری اور انکی اہلیہ رشیدہ زہری تاحال بازیاب نہیں ہوسکی ہیں-

جبری لاپتہ بلوچ خاتون رشیدہ زہری کی والدہ نے گذشتہ روز میڈیا کو بھیجے گئے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ انکی بیٹی اور داماد تاحال منظر عام پر نہیں آسکے ہیں جبکہ انھیں بتایا بھی نہیں جارہا کہ کس جرم میں خواتین اور بچوں کو لاپتہ کیا گیا ہے اور اس وقت کہاں کس کے قید میں ہیں-

محمد رحیم زہری و اہلخانہ کی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی واقعہ کی حوالے بیان جاری کرتے ہوئے نیشنل ڈیموکریٹک مومنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا بلوچ خاتون رشیدہ زہری کو اغوہ کر کے بلوچ اقدار ننگ و ناموس کو پامال کیا گیا ہے اور یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ ملکی اداروں کی جانب سے اس عمل کو گزشتہ کئی سالوں سے بار بار دہرایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ رشیدہ زہری اور انکے شوہر فوری طور منظر عام پر لایا جائے اگر انپر کوئی جرم ہے تو آئین کے مطابق کاروائی عمل میں لانا چاہئے بدیگر نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی بلوچ بقا، قومی اقدار اور ننگ و ناموس کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔