کوئٹہ میں گیس کی عدم فراہمی، شہری ایک بار پھر سڑکوں پر

95

کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں ایک بار پھر گیس کی قلت پیدا ہوگئی جس کے خلاف شہریوں نے مغربی بائی پاس پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کردیا-

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گیس پریشر میں کمی اور بندش نے مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے ایل پی جی اور سوختنی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز کوئٹہ کے باسی گیس پریشر میں کمی اور بندش کے خلاف مختلف سڑکوں کو بلاک کرکے سراپا احتجاج نظر آرہے ہیں تا حال اس مسئلے کے حل کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا-

پیر کے روز احتجاج کے باعث گھنٹوں تک روڈ بند ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے-