امریکہ میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے میں پانچ افراد ہلاک

286

امریکی ریاست کولاراڈو میں ہم جنس پرست کمیونٹی کے کلب میں فائرنگ کے باعث پانچ افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے ہیں۔

ایک مشتبہ شخص اس وقت پولیس کی حراست میں ہے اور زیرِ علاج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کلب میں موجود دو ’بہادر‘ افراد نے حملہ آور کو روکا۔

حراست میں موجود مشتبہ شخص کی شناخت اینڈرسن لی ایلڈرک کے طور پر کی گئی ہے۔

کولاراڈو سپرنگز میں کلب کیو کی جانب سے اپنے فیس بک پیج پر لکھا گیا کہ انھیں اپنی کمیونٹی پر ہونے والے ’بلاجواز حملے سے شدید دھچکا پہنچا ہے۔‘

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی باشندے ’نہ نفرت برداششت کریں گے، نہ انھیں کرنی چاہیے۔‘

پولیس کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر کرنے اور ان کی تعداد ظاہر کرنے کے حوالے سے وقت لیا جا رہا ہے۔

پولیس نے لوگوں سے اس دوران صبر کرنے کی اپیل کی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ کچھ افراد خود ہی ہسپتال روانہ ہو گئے تھے۔

پولیس کو کلب میں اسلحہ بردار شخص کے بارے میں سنیچر کی رات 11 بج کر 57 منٹ پر ابتدائی ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی۔

مشتبہ شخص کو کلب کے اندر سے ہی پکڑا گیا تھا۔ پولیس کو جائے وقوعہ پر دو گنز ملی ہیں اور یہ گمان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور کی جانب سے لانگ رائفل استعمال کی گئی تھی۔

پولیس کی جانب سے اس شوٹنگ کا کوئی جواز تو نہیں بتایا گیا لیکن یہ کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں یہ بات دیکھی جائے گی کہ آیا یہ نفرت کی بنیاد پر کیا گیا حملہ تھا اور کیا اس میں ایک سے زیادہ افراد ملوث تھے۔