اونٹ چوری کا الزام : گزین مری کی عبوری ضمانت منظور

422

سیشن کورٹ کوہلو نے گزین مری کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ گزین مری کی عبوری ضمانت پر کوہلو بار کے صدر ایڈووکیٹ میرعطاء اللہ مری عدالت میں پیش ہوئے۔

گذشتہ روز چنگیز مری نے اپنے بھائی نواب گزین مری سمیت دیگر 5 افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلیا تھا جن میں PPC دفعہ149 سمیت 392، 365، 147 کے دفعات شامل ہیں۔

درخواست کے مطابق چنگیز مری کا کہنا تھا کہ ان کے ڈرائیور کو 29 اونٹوں اور ایک ٹویوٹا پک اپ سمیت اغواء کرلیا گیا، جس پرچنگیز مری نے اپنے بھائی گزین مری اور دیگر 5 افراد پر مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم اس مقدمے میں نواب گزین مری کو آج سیشنکورٹ کوہلو سے عبوری ضمانت مل گئی۔

دوسری جانب نواب گزین مری نے نیشنل پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے مجھ پر درج ایف آئی آر بےبنیاد ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے اگر مجھ پر الزام ثابت ہوا تو میں سزا کے لئے تیار ہوں آج بھی وکیل سے کہا کہعبوری ضمانت نہ کریں، میں جیل جانے کے لئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں ثابت کرتا ہوں نواب چنگیز مری کا میرے والد محترم نواب خیربخش مری سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ انہیں اپنے ہرچیز سے علحیدہ کر چکے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہمارا مری قبیلہ سندھ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں دربدر ہورہی ہے، میری خواہش ہے کہ وہ لوگ اپنےعلاقے میں آ کر آباد ہو جائے آخر میں ان کا کہنا تھا کہ کاہان کی آبادکاری کے لئے مخالفین جنتی رکاوٹیں ڈالیں ہم کاہان کو آبادکرکے ہی رہیں گے۔