کیچ: طالب علم سمیت چار افراد جبری لاپتہ

450

پاکستانی فورسز نے چار افراد کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ دشت سے پاکستانی سیکورٹی اداروں نے تین افراد کو حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے-

فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت اعظم ولد نبی بخش، نادر ولد رحیم بخش اور مسلم ولد حمید کے ناموں سے ہوئی ہے- تینوں افراد کو دشت سبدان سے دو روز قبل فورسز نے لاپتہ کیا۔

اسی طرح رواں ہفتے جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے اس سے قبل کراچی، سمیت بلوچستان سے 9 افراد جبری گمشدگی کا شکار ہوئے تھے-

ادھر اطلاعات کے مطابق کیچ کے علاقہ آبسر سے ایک اور طالب علم کو گذشتہ شب لاپتہ کردیا گیا ہے- گذشتہ رات کیچ کے مرکزی شہر تربت کولوائی بازار آبسر میں فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مارکر حفیظ بشیر ولد بشیر احمد کو حراست بعد اپنے ہمراہ لے گئے-

بلوچ نوجوانوں کی جبری گمشدگیوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے جہاں پانچ افراد کراچی سے تین آواران، چار کیچ اور ایک شخص کو خضدار سے لاپتہ کردیا گیا ہے کراچی سے لاپتہ ہونے والوں میں تین طالب علم شاداد بلوچ، دودا الہیٰ، گمشاد بلوچ شامل ہیں-

کراچی یونیورسٹی سے لاپتہ ہونے والے طالب علموں کی جبری گمشدگی کے خلاف جمعہ کے روز کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ کا انعقادکیا گیا جو آج دوسرے روز بھی جاری رہا-