افغانستان پر جارحیت کا ارادہ رکھنے والی طاقتیں شکست سے سبق حاصل کریں – ترجمان طالبان

145

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دنیا کے نصف ممالک شکست کھا گئے جبکہ افغانستان پر جارحیت کا ارادہ رکھنے والی طاقتیں آج شکست سے سبق حاصل کریں۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ‘طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد آج افغانستان غیر ملکی تسلط سے مکمل طور پر آزاد ہوگیا ہے، آج افغانستان کے عوام کے لیے تشکر جبکہ جارحیت کرنے والی عالمی طاقتوں کے لیے سبق کا دن ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘افغانستان سے غیر ملکیوں کا انخلا مکمل ہوگیا ہے اور کابل ایئرپورٹ پیر کی رات سے طالبان کے کنٹرول میں ہے اور وہاں خصوصی دستے تعینات ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘حکومت سازی حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور آئندہ چند روز میں یہ مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا’۔

طالبان ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں دنیا کے نصف ممالک شکست کھا گئے ہیں، امریکا کی شکست تمام طالعہ آزماؤں کے لیے ایک سبق ہے اور افغانستان پر جارحیت کا ارادہ رکھنے والی طاقتیں آج شکست سے سبق حاصل کریں’۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان مغربی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار رکھے گا۔

طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخونزادہ کے حوالے سے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ‘وہ جلد عوام کے درمیان ہوں گے اور حکومت سازی کا اعلان کریں گے’۔

پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘ہم پاکستان اور اس کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اور بالخصوص افغان مہاجرین کو پناہ دی’۔