آواران پر چالیس سال سے ایک خاندان قابض ہے – نیشنل پارٹی

239

 

نیشنل پارٹی ضلع آواران کے زیر اہتمام آواران کے بنیادی مسائل پر نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خیرجان بلوچ کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی آواران چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگیا-

احتجاجی جلسے سے نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خیرجان بلوچ، مرکزی رہنماء سابق چیئرمین بی ایس او کامریڈ عمران بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری یار جان بزنجو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع آواران پر گذشتہ چالیس سال سے زائد عرصے سے ایک مخصوص خاندان قابض ہے جسے عوام کی بنیادی ضروریات و مسائل سے کوئی تعلق نہیں یہ خاندان اقتدار کے تمام عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریوں اور فرائض سے غافل رہا ہے اپنی مجرمانہ غفلت کا الزام ہمیشہ دوسروں پر لگاتا رہا ہے اسے آواران کی تعمیر و ترقی، روڈ، صحت، تعلیم، بجلی، آبنوشی، ذراعت و دیگر مسائل کا کوئی فکر نہیں وہ صرف ایک ہی خواب میں مبتلا ہے کہ وہ وزیر اعلٰی بن جائے اب تو اقتدار کے تمام عہدے بھی ختم ہوچکے ہیں جن پر وہ فائز رہا ہے-

پاکستانی کے آئینی دستور کے مطابق وزیر اعلٰی و اسپیکر کے عہدوں سے بڑا کوئی عہدہ نہیں اگر ایک شخص ان عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود کچھ نہ کرسکے اسے عوامی نمائندگی کا کوئی حق نہیں-

مقررین نے کہا کہ تعلیم کا یہ حال ہے تمام سکولز بند ہیں منشیات کھلے عام فروخت ہورہی ہے بڑی تعداد میں نوجوان اس لت میں مبتلا ہے ضلع میں کوئی بھی ذمہ دار آفیسر موجود نہیں ہوتا ہے حد تو یہ ہے کہ ایک بھی لیڈی میڈیکل آفیسر ضلع میں نہیں سڑکیں آمد و رفت کے قابل نہیں آبنوشی و پانی کے لئے لوگ ترس رہے ہیں ڈیم نام کی بھی کوئی شہ موجود نہیں ایسے میں ہمارے سلیکٹڈ اسپیکر صاحب کو کونسی ذمہ داری ادا کرنی ہے آج تک موصوف کو ان چیزوں کا پتہ نہیں ان کا کام پیسے سے ووٹ خریدنا اور پیسے کے لئے ووٹ بیجھنا ہے انہیں صرف اور صرف اپنا بینک بیلنس بڑھانا ہے انہیں عوام سے کوئی لگاوُ نہیں یہی وجہ ہے کہ آواران کے عوام بے یارو مددگار اس اکیسویں صدی میں بھی سولہویں صدی کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن نیشنل پارٹی آواران کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی عوام کو استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لئے انہیں سیاسی و شعوری طور پر منظم کرکے عوام کی سیاسی معاشی ثقافتی و قومی حقوق کی سیاسی جنگ لڑے گی-

انہوں نے کہا کہ آواران میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے باز رہا جائے اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ہم اپنے ہر ایک کارکن کا تحفظ کریں گے کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بننے دینگے-

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عابد حسین، ضلعی نائب صدر کریم عمرانی، نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما حاجی یعقوب قمبرانی، و دیگر بھی موجود تھے-