ایران : میزائل لگنے سے نیوی کے 19 اہلکار ہلاک 15 زخمی

173

ایک ایرانی جنگی جہاز ‘کونارک’ کو بحری مشقوں کے دوران غلطی سے لگنے والے میزائل کے نتیجے میں 19 نیوی اہلکار ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان خلیجی پانیوں میں کشیدگی جاری ہے۔

ایرانی میڈیا اور فوج کے مطابق حادثہ اتوار کی دوپہر بندر جسک کے قریب پیش آیا۔

ریاستی ٹی وی چینل نے بتایا کہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ‘کونارک’ مشقوں کے دوران ایک ہدف کو اس کے مقام پر پہنچا کر واپس جا رہا تھا کہ ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے داغا جانے والا میزائل اسے آن لگا۔

مسلح افواج نے ایک بیان میں تفصیلات میں جائے بغیر صرف اتنا بتایا کہ کونارک جہاز مشقوں کے دوران ایک حادثے کا شکار ہوا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جہاز کو ‘تکنیکی تحقیقات’ کے لیے ساحل پر لایا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات جاری ہونے تک لوگ ‘قیاس آرئیوں’ سے گریز کریں۔

اے ایف پی کے مطابق خبر رساں ایجنسی تسنیم نے اپنی انگریزی ٹویٹ میں کہا کہ کونارک کو ایک اور ایرانی جہاز سے داغا جانے والا میزائل لگا۔

زخمی ہونے والے نیوی اہلکاروں کو سستان اور بلوچستان صوبے کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

صوبے کی میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ محمد مہران آمینی فرد نے نیم سرکاری نیوز ایجنسی آئی ایس این اے کو بتایا کہ دو اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔