بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد جانبحق، 9 زخمی

175

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت دکی، لورالائی اور قلعہ عبداللہ میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ میں کام کرتے ہوئے تیسرے منزل کی چھت سے گر کرمزدور محمد حنیف سکنہ بہاولپور جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

مرکزی شاہراہ پر خضدار کے حدود میں ٹریفک حاد ثے کے نتیجے میں ظفر اقبال اور ان کے 2 ساتھی زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امدا د دینے کے بعد ظفر اقبال کو تشویناک حالت میں کرا چی منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ضلع دکی کے مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا۔ مائنز ذرائع کے مطابق جاں بحق کانکن کی شناخت رحمت اللہ ولد حاجی خانے کے نام سے ہوگئی۔ جاں بحق شخص کی لاش سول ہسپتال میں ضروری کاروائی کے بعد آبائی علاقے قلعہ سیف اللہ روانہ کردی گئی۔

اس کے علاوہ لورالائی کے کلی تیرہ گے میں 18 سالہ نوجوان سیدو ولد صدیق نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اسی طرح لورالائی ہی کے علاقے کلی شبوزئی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان عبدالرزاق ولد نصرو اخونزادہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ہے۔

علاوہ ازیں گذشتہ روز ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے کلی بدوان میں زمین کے تنازعہ پر چچازاد بھائیوں کا ایک دوسرے پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

نوشکی کے علاقے مل میں موٹر سائیکل سے گر کر دو افراد زخمی زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔