بلوچستان حکومت کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا – ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

172

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان حکومت کی غیرسنجیدگی کے باعث کرونا وائرس سے بلوچستان بری طرح متاثر ہورہا ہے حکومتی اعداد و شمار اپنی نااہلی اور ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے کیا جارہاہے جب تک وسیع پیمانے پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ نہیں ہونگے تب تک اسکا صحیح اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی دوسری بڑی کمزوری و خامی بلوچستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے میں ناکامی ہے ، اپنی کمزوریوں اور خامیوں پر پردہ ڈالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ،کورونا وائرس کے سامنے آج یورپ اور امریکہ بے بس ہیں، سینکڑوں افراد روزانہ لقمہ اجل بن رہے ہیں اس سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور اپنے وسائل کو ضائع کرنے کے بجائے ان کا بہتر انداز میں حکمت عملی ترتیب دے کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، وفاق کی طرح بلوچستان حکومت بھی اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر اندھیرے میں تیر چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس وباء کا مقابلہ کرنے کی اکیلے صلاحیت نہیں رکھتا ہے ، بلوچستان کو اپنے ضروریات کے حوالے سے وفاق سے دو ٹوک بات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اب تک کے اقدامات انتہائی غیر سنجیدہ اور نہ ہونے کے برابر ہیں۔