بنگلہ دیش: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 الیکشن اہلکار ہلاک

176

بنگلہ دیش کے عہدے داروں نے منگل کے روز بتایا ہے کہ مسلح افراد نے دو گاڑیوں میں سوار پولنگ کے عملے پر فائرنگ کر دی جس سے کم ازکم 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

بعض ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہے۔ جب کہ اس حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 14 بتائی جاتی ہے۔

یہ واقعہ بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقے چٹاگانگ میں اس وقت پیش آیا جب پیر کی شام پولنگ کا عملہ بیلٹ باکسز کے ساتھ واپس جا رہا تھا۔

کسی گروپ نے فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ رنگامتی ضلع میں ہونے والے اس حملے میں کس کا ہاتھ ہے۔

بھارت اور میانمر کی سرحد پر واقع اس ضلع میں کئی مسلح قبائلی گروپ سرگرم ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق چٹاگانگ کے شورش زدہ پہاڑی علاقے میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات ہوئے جس میں پولنگ کے عملے کو نشانہ بنایا گیا۔

اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے الیکشن کے عہدے داروں کو لے جانے والی گاڑیوں پر گولیاں برسائیں۔ پولنگ کے عملے کی حفاظت کے لیے پیرا ملٹری فورس انصار کے اہل کار بھی ان کے ہمراہ تھے۔

حملے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ تین زخمی مقامی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ زخمی ہونے والے متعدد افراد ابھی بھی  ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس حکام  نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس تحقیقات کر رہی ہے جس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔