یمن میں 10 لاکھ بارودی سرنگیں بچھا دیا گیاہے

356

یمن میں حوثی  باغیوں نے گذشتہ تین سال کے دوران میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں دس لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں ۔ان کے دھماکوں کے نتیجے میں 216 بچوں سمیت 1194 شہری مارے گئے ہیں ۔

یہ بات سعودی عرب کے یمن میں بارودی سرنگیں تلف کرنے کے منصوبے (ماسام) کے اعلیٰ عہدے دار نے بتائی ہے۔

ماسام جنگ زدہ یمن کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ یمنی شہریوں کی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے اور ہنگامی انسانی امداد کی متاثرین تک بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ماسام کے ڈائریکٹر جنرل اسامہ القصیبی نے کہا کہ دو ہفتے قبل اس منصوبے کے آغاز کے بعد سے تعز ، بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے ، بیہان ، عصیلان ، صعدہ ،شبوہ اور مآرب میں 919 بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنایا گیا ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’ان میں بعض بارودی سرنگوں پر بین الا قوامی سطح پر پابندی عائد ہے۔ان سے بکتر بند گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑایا جا سکتا ہے۔حوثیوں نے یہ بارودی سرنگیں مختلف ذرائع سے حاصل کی تھیں اور ان میں سے 288 مقامی ساختہ یا ایران ساختہ تھیں‘‘۔

ماسام کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں جنگ زدہ یمن میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے کوششوں کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں اور یہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مہلک ثابت ہوسکتی ہیں۔اس پروگرام کا مقصد ماضی میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اپنے پیاروں سے محروم یا معذو ر ہونے والے یمنیوں کو امداد مہیا کرنا بھی ہے۔اس پروگرام کے تحت یمنی ماہرین کو بارودی سرنگیں تلف کرنے کی بھی تربیت دی جائے گی ۔