الیکشن کمیشن بلوچستان نے امیدواروں کے اثاثہ جات کی فہرست جاری کردی

459

الیکشن کمیشن بلوچستان نے امیدواروں کے اثاثہ جات کی فہرست جاری کردی۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے سینکڑوں انتخابی امیدوارکروڑ پتی نکلے، تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند اکاون کروڑ روپے اثاثوں کے ساتھ بلوچستان کے امیر ترین انتخابی امیدوار ہیں۔ سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی ایک کروڑ اکتالیس لاکھ روپے ،محمود خان اچکزئی پچھتر لاکھ، ثناء اللہ زہری ستائیس کروڑ اورسرداراختر مینگل تین کروڑ روپے اثاثوں کے مالک نکلے جبکہ سرفراز بگٹی کے پاس صرف ساڑھےآٹھ کروڑ روپے کی بھیڑبکریاں اور مال مویشی ہیں۔ سکندر حیات جوگیزئی تینتالیس کروڑ اثاثوں کے ساتھ دوسرے اور بیالیس کروڑ روپے کے ساتھ  وزیر میر عاصم کرد گیلو تیسرے امیرترین امیدوار ہیں۔

سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی ایک کروڑ اکتالیس لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں مگر ا​ن کے پاس کوئی گاڑی اور جیولری نہیں ۔ پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی پچھتر لاکھ روپے ،سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری 27کروڑ اوربی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل تین کروڑ روپے اثاثے کے مالک ہیں۔ اکیس کروڑ روپے اثاثے رکھنے والے سابق صوبائی وزیر اکبر آسکانی نے انتخابی امیدواروں میں سے سب سے زیادہ نواسی لاکھ روپے ٹیکس دیا۔

مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر سردار یعقوب ناصر نے کوئٹہ کے مہنگے ترین علاقے میں کروڑوں روپے کے گھر کی قیمت صرف چار لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ سولہ کروڑ روپے اثاثوں کے مالک سرفراز بگٹی کے پاس ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کی بھیڑ بکریاں، اونٹ اور دیگر مال مویشی ہیں۔ سابق سینیٹر لشکری رئیسانی نے سولہ کروڑ روپے اثاثوں میں دو کروڑ روپے کے نایاب قالین جبکہ این اے دو سو انہتر خضدار سے امیدوارشکیل درانی نے اڑتیس لاکھ روپے کی گھڑیاں، بندوق اور خنجر بھی اثاثوں میں ظاہر کیے ہیں۔