جنوبی ایشیا میں امن کے حصول کے لیے پاکستان صحیح سمت میں جا رہا ہے: امریکہ

188

امریکی فوج کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے حصول کے لیے پاکستان نے اپنی سرزمین پر چند مثبت اقدامات کیے ہیں جس سے اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان صحیح سمت میں جا رہا ہے۔

امریکی کمانڈ کے سربراہ نے یہ بیان منگل کو کانگریس کی دفاعی کمیٹی کی انتہا پسندی سے جڑے خطرات پر ہونے والے اجلاس کے دوران دیا۔

ان کا کہنا تھا: ‘خطے میں امن اور افغانستان میں کامیابی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون اور گہرے تعلقات بہت اہم ہیں۔ میں فی الحال یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ اعتماد کی کمی نہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی ایک لمبی تاریخ ہے لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ ہماری تازہ بات چیت کے بعد ہمیں مثبت اشارے ملے ہیں۔

جنرل ووٹل کا مزید کہنا تھا: ‘پاکستان نے چند خوش آئند اقدامات کیے ہیں جس سے پاکستان کے صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے مثبت اشارے ملتے ہیں۔ پاکستان کی خطے کے لیے بدلتی پالیسی کو ظاہر کرنے کے لیے یہ حکومتی اقدامات فیصلہ کن تو نہیں مگر مثبت ہیں۔’

امریکی فوج کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکہ نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ مل کر پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ پر ڈالنے کے لیے کوشش جاری رکھی ہوئی ہے۔

مالی پابندیوں کی یہ فہرست ان ملکوں کے لیے بنائی جاتی ہے جو انتہا پسندوں کو حاصل مالی امداد روکنے میں ناکام رہتے ہیں۔

اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کے نائب پریس سیکریٹری راج شاہ نے کہا تھا ‘ہم دیکھ رہے ہیں کہ کسی حد تک پاکستان امریکہ کی تشویش کو تسلیم تو کر رہا ہے مگر صدر ٹرمپ پاکستان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔’

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت مزید کشیدہ ہو گئے تھے جب اس سال کے شروع میں صدر ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف سخت لہجہ اپناتے ہوئے ایک ٹویٹ کی تھی۔ اس کے بعد پاکستان پر انتہا پسندوں کے خلاف دہری پالیسی کا الزام لگاتے ہوئے امریکہ نے فوجی امداد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

منگل کو امریکی فوج کے سربراہ نے اجلاس کے دوران مزید کہا ‘امریکہ کی پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی سے مدد ملی ہے جبکہ پاکستان کو ساتھ لے کر چلنے کی ہماری کوششیں بھی کام آ رہی ہیں۔ ہم نے پاکستان پر واضح کیا ہے کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔ میں اس بارے میں مزید تفصیل بند کمرے کے اجلاس میں دوں گا تاہم اعتماد کی بحالی کے لیے ہم اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔’

کانگریس کے بعد امریکی جنرل ووٹل نے کمیٹی کو بند کمرے اجلاس میں امریکہ اور دنیا کو لاحق سکیورٹی کے خطرات پر بریفنگ بھی دی۔