کابل:ثقافتی مرکز اور نیوز ایجنسی پر خود کش حملہ، 40 ہلاک

174

 افغانستان کے دارالحکومت میں ثقافتی مرکز میں خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکے کے وقت ثقاتی مرکز میں اجلاس جاری تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

افغان نائب وزیر داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس حملے کا نشانہ ثقافتی مرکز تھا جہاں روس کے افغانستان پر حملے کے حوالے سے تقریب منعقد کی جارہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک زور دار دھماکا ہوا جس میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اس کے بعد مزید 2 دھماکے ہوئے جن میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں اب تک 40 افراد ہلاک جبکہ 30 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

افغان سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین، بچے اور صحافی بھی شامل ہیں۔

دھماکے میں زخمی ہونےوالے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 2 سے 3 تھی جبکہ انہوں نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل دستی بموں سے بھی حملہ کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ طالبان نے فوری طور پر اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔