کابل: مسجد میں دھماکہ، طالبان کا حمایتی اسکالر جانبحق

374

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شمالی حصے میں ایک مسجد کے اندر دھماکے کے بعد متعدد نمازی جانبحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران نے بتایا کہ دھماکہ شہر کے کوتل خیرخانہ علاقے میں شام کی نماز کے دوران ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد واضح نہیں ہے لیکن سیکیورٹی فورسز واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں مسجد کے امام مولوی امیر محمد کابلی سمیت کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب مولوی امیر خان کے مارے جانے پر داعش سے منسلک متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹ خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے کہ جس میں طالبان حمایتی اسکالرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

گیارہ اگست کو کابل کے مدرسے میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں رحیم اللہ حقانی جانبحق ہوگئے تھے۔ مشہور دینی عالم ⁧‫شیخ‬⁩ رحیم اللہ حقانی طالبان کے نظریاتی استاد کے طور پر جانے جاتے ہیں۔