امریکا اور بھارت کیخلاف میچ میں شکست پر پاکستانی ٹیم کیخلاف غداری کا مقدمہ درج

285

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت کیخلاف میچ میں شکست پر عدالت میں پٹیشن دائر کردی گئی۔ پاکستانی شہر گوجرانوالہ کے ایک وکیل کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج تمثال زیب نعیم کی عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستانی کپتان بابراعظم اور دیگر ٹیم اراکین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔

درخواست میں ٹیم مینیجر، کوچ اور چیف سلیکٹر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالت نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ایس ایچ او تھانہ سے 21 جون تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے ابتدائی 2 مقابلوں میں ٹیم کو امریکا اور بھارت کیخلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، جس کے باعث پاکستانی ٹیم سپر 8 راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

پاکستان کو امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں 5 رنز جبکہ بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔