افغان مہاجرین کی جائیداد اور کاروبار کو ضبط کرینگے – آئی جی پولیس بلوچستان

410

آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں غیرقانونی افغان مہاجرین کی جائیداد، کاروبار کو ضبط اورمنشیات کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

بدھ کو آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت حال میں منعقد ہونے والے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے اعلیٰ سطح اجلا س منعقدہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر، کمانڈنٹ بی سی سلمان چوہدری اور تما م رینجز کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ضلعی ایس پیز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کے تناظر میں غیرقانونی افغان مہاجرین کی جائیداد، کاروبار کو ضبط،قانونی دستاویزات نہ رکھنے والوں کے خلا ف کریک ڈاؤن،منشیا ت کے خلاف پولیس کی جانب سے جاری کاروائیوں میں مزید تیزی لانے،منشیا ت فروشی کے اڈوں کو فل فور مسمار، منشیا ت فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے آئی جی پو لیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے ٹھوس اقدامات شروع کئے جائیں بلوچستان پولیس سے منسلک تین اہم ایجنڈہ پوائنٹس میں سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور منشیا ت کے خلاف پولیس فورس حرکت میں آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف بلوچستان پولیس اب زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اسمگلنگ کی روکھ تھام کے لئے بلوچستان پولیس دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف متعلقہ اداروں سے پولیس کا تعاون جاری رہے گا بلوچستان پولیس وزیر اعظم کی ہدایت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر نگرانی اپنی پوری پیشہ ورانہ صلا حیت کو بروئے کار لائے گی۔