نوشکی: فوجی گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، ہلاکتوں کی تصدیق

317

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے گلنگور کے قریب ایک پاکستانی فوجی گاڑی پر ہونے والے آئی ای ڈی حملے میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ نوشکی شہر سے تقریباً 34 کلومیٹر دور پیش آیا۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اس میں سوار اہلکاروں کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکام نے واقعے میں ایک اہلکار کے ہلاک اور دو اہلکاروں کے زخمی ہونے والے کی تصدیق کردی ہے۔تاہم مقامی ذرائع نے سرکاری موقف سے اختلاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سرکاری طور پر بتائی گئی تعداد سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

بعض عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور ممکنہ طور پر ایک سے زائد اہلکار متاثر ہوئے ہیں، تاہم اس بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔