گوادر و آواران سے متعدد افراد جبری لاپتہ، سات کی شناخت ہوگئی

224

گوادر اور آواران سے متعدد افراد پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ، تربت سے مسلح افراد کے ہاتھوں ایک شخص اغواء

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ساحلی شہر گوادر میں پاکستانی فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں میں ابتک پانچ افراد کی شناخت سمیر ولد حمزہ، بلال ولد رضا محمد، درمحمد ولد کریم بخش، امیر ولد اسلم اور امان ولد جمعدار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

لاپتہ ہونے والے تمام افراد سربندن کے رہائشی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے پاکستانی فورسز نے گذشتہ شب بڑے پیمانے پر سربندن میں آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے، جبکہ آخری اطلاعات کے مطابق علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے، بڑے پیمانے پر فوجی اہلکار علاقے میں موجود ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران بازار سے پاکستانی فورسز و سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے دو افراد کو حراست میں لیکر زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے جن کی شناخت جاوید ولد محمد قاسم اور قمبر ولد مراد کے نام سے ہوئی ہے جو بدرنگ، جھاؤ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ دونوں نوجوان آپس میں رشتہ دار ہیں اور کسی کام کے سلسلے میں بازار آئے ہوئے تھے، جنہیں جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا-

مزید برآں بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل علاقے تمپ گومازی میں عصر کے وقت نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے جہان ولد نصیر نامی شخص کو بندوق کے زور پر اغواء کرکے اپنے ہمراہ لے گئے- تاہم اغواء کاروں کے حوالے سے تاہم مزید اطلاعات موصول نہیں ہوسکے-