غزہ میں 17 ہزار سے زائد شہریوں کی اموات پر امریکہ کی اسرائیل پر تنقید

80

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے جنوبی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف عوامی طور پر اپنی سخت ترین تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اسرائیلی حکومت کے اعلان کردہ عزم اور بڑھتی اموات میں واضح فرق ہے۔

جمعرات کو واشنگٹن میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اینٹنی بلنکن نے کہا: ’جیسا کہ (غزہ کے) جنوب میں یہ کارروائیاں ایک ہفتے سے جاری ہیں تو یہ ضروری ہے کہ اسرائیل شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’شہریوں کے تحفظ کے عزم اور حقیقی نتائج کے درمیان ایک خلا باقی ہے جو ہم زمین پر دیکھ رہے ہیں۔‘

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کا صفایا چاہتا ہے اور شہریوں (کے جانی نقصان سے بچنے) کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، جس میں فوجی کارروائیوں کے بارے میں انتباہ بھی شامل ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی جمعرات کو اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اور اردن کے شاہ عبداللہ سے فون پر الگ الگ بات چیت کی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر بائیڈن نے اس بات چیت میں ’شہریوں کے تحفظ اور شہری آبادی کو حماس سے الگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جس میں راہداریوں کے ذریعے شہریوں کو نکالنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔‘