کرکٹ ورلڈکپ: انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست، پاکستان کا سفر اختتام پذیر

96

338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 44 ویں اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 44 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ مہم ناکامی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں سفر ختم ہو گیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 13.3 اوورز میں 82 رنز تک پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کی پہلی وکٹ کرگئی۔

افتخار احمد نے پاکستان کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی، ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 18.2 اوورز میں 108 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس اور جو روٹ کے درمیان 132 رنز کی پارٹنرشپ نے انگلینڈ کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔

انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین اسٹوکس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 84 رنز بنانے والے اسٹوکس کو 240 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے 41 ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کردیا، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔