لاہور: بلوچستان میں زیر حراست افراد کے جعلی مقابلوں میں قتل کے خلاف احتجاج

124

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں آج لبرٹی چوک پر بلوچ یکجہتی کمیٹی لاہور کے زیرِ اہتمام بلوچستان بھر میں سی ٹی ڈی کی جانب سے لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے اور کیچ میں بالاچ کی میت کے ساتھ جاری دھرنے کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس احتجاج میں پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنان نے شرکت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہم ان تمام تر لاپتا افراد کی محفوظ بازیابی یا عدالتوں میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسکے علاوہ ہم لاپتہ افراد کی ماورائے عدالت جعلی مقدمات میں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کے قتل عام میں ملوث سیکیورٹی اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے ان کیخلاف کاروائی کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم لاپتہ افراد کی محفوظ بازیابی یا عدالتوں میں پیش کرنے کے حوالے سے بلوچستان سمیت پاکستان بھر کے سیاسی کارکنوں، نوجوانوں، طلبہ اور محنت کشوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

مظاہرین نے کہاکہ بلوچستان میں زیر حراست افراد کو ٹارچر سیلوں سے نکال کر جعلی مقابلوں میں مارنے کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ لوگوں کی جبری گمشدگی کا سلسلہ بند کرکے زیر حراست افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کے بجائے عدالتوں میں پیش کیا جائے۔