سیکورٹی خدشات، پاکستان میں فوجی اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی سخت

297

پاکستانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک کے ایک ایئر بیس پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد فوجی اور دیگر حساس تنصیبات کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ہفتے کو پاکستانی صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی میں پاکستان ایئر فورس کے ایک ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے حملے میں تین طیاروں کو نقصان پہنچا تھا جب کہ ایندھن کا ایک ٹینکر تباہ ہو گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری حال ہی قائم ہونے والے ایک عسکری گروہ ’ تحریکِ جہاد پاکستان‘ نے قبول کی تھی۔

میانوالی کے اس ایئر بیس پر حالیہ مہینوں میں پولیس ایک اور عسکریت پسند گروہ تحریکِ طالبان پاکستان کے کئی حملے پسپا کرنے کا دعویٰ کرتی رہی ہے۔

تحریکِ جہاد پاکستان رواں برس کے اوائل میں سامنے آنے والا عسکری گروہ ہے۔

پاکستان میں اس عسکری گروہ نے کئی حملوں کی ذمہ داری کا قبول کی ہے جن میں ملک کے جنوب مغرب میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر 12 جولائی کا حملہ بھی
شامل ہے۔

پاکستان کی فوج کا دعویٰ ہے کہ میانوالی میں ایئرفورس کے تربیتی سینٹر پر حملہ سیکیورٹی فورسز نے مستعدی اور موثر کارروائی سے ناکام بنایا۔

’اے پی‘ کے مطابق ہفتے کو ہونے والے حملے کے چند گھنٹے بعد سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کے تجزیے سے اندازہ ہوتا ہےکہ ایئر بیس میں موجود ایک طیارہ آتش زدگی سے تباہ ہو گیا تھا جب کہ دوسرے جہازوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں ملوث تمام نو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

دو سیکیورٹی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’اے پی‘ کو بتایا کہ خفیہ اداروں نے اپنی رپورٹس میں اس طرح کے مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد فوجی اور دوسری حساس تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔