خلیجی ریاستوں نے مشترکہ سیاحتی ویزے کے اجراء کا فیصلہ کرلیا

216

خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کی ریاستوں کے وزرائے داخلہ نے تمام ممبر ممالک کے لیے مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے جسے ایک دور رس اہمیت کی حامل پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عمانی دارالحکومت مسقط میں منعقدہ وزرائے داخلہ کے 40ویں اجلاس کے موقع پر جی سی سی کے سکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ متحدہ سیاحتی ویزا اسکیم کو ایک مخصوص مدت کے اندر لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے اس اہم قدم کو خلیجی ریاستوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی واضح علامت قرار دیا ہے۔

اس اجلاس میں ممبر ریاستوں میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ پر مشتمل مشترکہ الیکٹرانک نظام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزراء نے منشیات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور سکیورٹی سے متعلق آگاہی مہم کا جائزہ لیا۔ البدیوی کہا کہ جی سی سی ممالک کی سلامتی کے امور پر نمایاں پیش رفت کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کرنا اور خطے کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے کسی بھی خطرے کی روک تھام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے خلیجی ممالک میں کمیونٹیز کو غیر قانونی منشیات سے پھیلاؤ کے خطرے کی نشاندہی کی، اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے خطے میں چلائی گئی کئی قومی مہموں کی تعریف کی۔

البدیوی نے مزید کہا کہ ایک متحد حکمت عملی کے تحت خلیجی ممالک کے نوجوانوں میں منشیات کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ جنگ میں ہر ایک سے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کام کرنے کی ضرورت ہے جو تمام محاذوں یعنی روک تھام، کنٹرول اور علاج پر توجہ مرکوز کرکے حاصل کی جا سکتی ہے۔