چیمئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی نے ریال میڈرڈ کو چار صفر سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
مانچسٹر کے اتحاد اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں ہوم ٹیم نے ریال میڈرڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی۔
مانچسٹر سٹی کے برنارڈو سلوا کے پہلے ہاف میں کیے جانے والے دو گولز کی بدولت ریال میڈرڈ شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور مخالف ٹیم کے خلاف کوئی گول نہ کر سکی۔
سلوا نے میچ کے 23ویں منٹ میں پہلا گول کیا جس کے بعد 37 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے بھی مانچسٹر سٹی کے گول پوسٹ پر کئی مرتبہ اٹیک کیے لیکن مانچسٹر کی دفاعی لائن نے کسی کوشش کو کامیاب ہونے نہیں دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام تک مانچسٹر کو میڈرڈ پر دو صفر کی برتری حاصل تھی۔ 76 ویں منٹ میں مانچسٹر سٹی کے مینوئل اکانجی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کے گولز کی تعداد نہ صرف تین کر لی بلکہ ریال میڈرڈ کی میچ میں واپسی کو بھی ناممکن بنا دیا۔
میچ کے اضافی وقت یعنی 91 ویں منٹ میں جولین الواریز نے چوتھا گول کیااور اس طرح میچ کے اختتام تک ریال میڈرڈ کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔
سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد مانچسٹر سٹی کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ 11 جون کو اطالوی فٹ بال کلب انٹر میلان سے ہو گا۔ پہلے سیمی فائنل میں انٹرمیلان نے اے سی میلان کو 0-1 سے شکست دی تھی۔
چیمپئنز لیگ کا فائنل ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں مانچسٹر سٹی اور انٹر میلان کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔