نرسنگ کالج خضدار کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ایس ایس ایف

85

سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خضدار نرسنگ کالج میں اساتذہ کی کمی، کالج ہذا کی بلڈنگ نہ ہونے کے باعث نئی آنے والی طالبات کو کلاس رومز و ہاسٹل سمیت ٹرانسپورٹ کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے اور پی این سی اسکالرشپس کی مد میں سالوں سے کرپشن کی نظر ہونے والے واجبات مستحق طالبات کو جلد ادا کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کالج کی طالبات کو آئے روز کالج ہذا کی جانب سے غیر متعلقہ شخصیات کے گھر یا دفتر بھیجا جاتا ہے جس سے نہ صرف اکیڈمک معاملات متاثر ہورہے بلکہ طالبات زہنی ازیت سے دوچار ہیں، پورے قلات ڈویژن میں واحد نرسنگ کالج میں دو کلاس رومز و دو اساتذہ ہیں ادارہ بغیر کسی انچارچ و پرنسپل کے شدید بحران کا شکار ہے، انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، ہاسٹل و اسکالرشپ کی عدم ادائیگی سمیت کئی مسائل کے سبب تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبات نے مسائل سے تنگ آکر کئی بار پر امن احتجاج بھی کیا ہے 12 مئی عالمی یوم نرسز کو طالبات نے یوم سیاہ کے طور پر منا کر زمہ داران کو متوجہ کرنے سمیت گزشتہ روز 18 مئی خضدار شاہراہ پر احتجاجی ریلی بھی نکالی لیکن انتظامیہ نے مطالبات حل کئے بغیر طالبات کے احتجاج کو ختم کروایا۔

انکا کہنا تھا کہ ہم پی این سی ، ڈی جی نرسنگ، ڈی ایچ او خضدار سمیت دیگر زمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قلات ڈویژن کے واحد نرسنگ کالج کے مسائل فوری بنیادوں پر حل کریں، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی طالبات کو پی این سی اسکالرشپ واجبات جلد ادا کئے جائیں تاکہ انکے اکیڈمک معاملات میں خلل نہ پڑے۔

اگر ادارے کے مسائل سنجیدگی سے حل کرنے سمیت طالبات کے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو تنظیم طالبات کے احتجاج کو مزید وسعت دے کر آئینی و قانونی چارہ جوئی کا بھر پور حق رکھتی ہے جسکے زمہ دار متعلقہ ارباب اختیار ہونگے۔